چیئرمین پی سی بی کے الیکشن ایک ہفتے میں کرانے کا حکم

PCB

راولپنڈی: عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے الیکشن ایک ہفتے میں کرانے کا حکم دے دیا۔

ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر جج نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ مینجمنٹ کمیٹی بورڈ آف گورنرز کا نوٹیفکیشن 15 روز میں جاری کر کے چیئرمین بورڈ کا الیکشن کرایا جائے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے ملک میں اسپورٹس اسٹرکچر برباد ہو گیا ہے۔ اسپورٹس ایک صحت مند تفریح ہے سب کو اسپورٹ مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

عدالت نے کہا کہ یہ آمدن کا بھی بہت بڑا ذریعہ ہے اور اس میں سیاسی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی، سیاسی مداخلت سے کھیلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کو ملنے والے چیک پر غلط رقم درج ،سری لنکن کرکٹ بورڈ نے معذرت کرلی

واضح رہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے خلاف درخواست راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایش کے صدر نوید عباسی نے دائر کی تھی اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بورڈ آف گورنرز میں قائد اعظم ٹرافی کی ٹاپ 4 ٹیموں کو شامل کیا جاتا ہے۔ ٹاپ کی 4 ٹیموں میں راولپنڈی اور کراچی کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ جو بورڈ 22 جون کو بنایا گیا اس میں لاڑکانہ، حیدر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیمیں شامل ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی کے وکیل امتیاز علی صدیقی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کا مؤقف تھا کہ وفاقی حکومت نے 22جون کو نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا ہے۔


متعلقہ خبریں