پاکستان بھارت کو اوول میں ہرا سکتا ہے توکہیں بھی ہرا سکتا ہے، وقار یونس


لاہور میں ایشیا کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی میں قومی ٹیم کے سابق کوچ و کپتان نے کہا کہ اگر پاکستان بھارت کو اوول میں ہراسکتا ہے تو کہیں بھی ہراسکتا ہے۔

پاکستان نے 2017 میں لندن کے اوول گراؤنڈ میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اتنے سالوں تک آئسولیشن میں رہنے کے بعد کرکٹ کا واپس آنا ایک اچھا آغاز ہے جس کا کریڈٹ حکومت سمیت پی سی بی سب کو ہی جاتا ہے۔

انہوں نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ پر پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ اگر آپ ہمارے دور کی کرکٹ کو دیکھیں تو ہم کبھی بھی بڑے ٹورنامنٹس میں بھارت سے نہیں جیتے، وقار یونس نے کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ ان لڑکوں نے جیتنا شروع کیا ہے جو بہت اچھی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی وجہ نہیں کہ ہم بھارت کو نہ ہرا سکیں، ہم کہاں کھیل رہے ہیں یہ معنی نہیں رکھتا، ہم بھارت کو اوول میں ہرا سکتے ہیں تو کہیں بھی ہرا سکتے ہیں، چاہے وہ بھارت ہو، پاکستان ہو یا سری لنکا۔ٹیلنٹ ہمارے پاس ہے ہمیں بس ٹائیگرز کی طرح کھیلنا ہے۔


متعلقہ خبریں