قصابوں کا پورے ہفتے دکانیں بند رکھنے کا اعلان، 13 جولائی سے گوشت فروخت ہوگا


قصابوں کی جانب سے 12 جولائی تک دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، 13 جولائی سے جانور ذبح کرکے بڑا اور چھوٹا گوشت فروخت کیا جائے گا۔

مٹن بیف قصاب ایسوسی ایشن کی طرف سے عید الاضحیٰ کی وجہ سے 12 جولائی تک دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 13 جولائی سے معمول کے مطابق گوشت فروخت کیا جائے گا۔

قربانی کا گوشت دو ہفتوں سے زیادہ فریزر کی زینت بنانے والوں کیلئے اہم خبر

قصابوں کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں قربانی کے جانوروں کے پائے اور سری شہریوں کو تیار کرکے دیے جارہے ہیں۔ بیل کے پائے تیار کرنے کا معاوضہ 1200 روپے جبکہ مغز نکال کر دینے کا معاوضہ 250 روپے تک لیا جارہا ہے۔

عید الاضحیٰ گزرنے کے بعد بھی شہریوں کی بڑی تعداد قیمہ، سری اور پائے تیار کروانے کیلئے ان قصابوں کے پاس آرہی ہے۔ زیادہ تر رش بڑے پائے تیار کرنے والے قصابوں کی دکانوں پر ہے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت 900 روپے فی کلو تک جا پہنچی

خیال رہے کہ قصابوں کی دکانیں بند رہنے کے اعلان کے بعد سے ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ مرغی کی فی کلو قیمت 900 روپے  تک پہنچ  گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی میں مرغی کا ہڈی کے بغیر گوشت 1400 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 850 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح لاہور میں چکن 800 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔


متعلقہ خبریں