ویگنر گروپ کے زیر استعمال طیارے کی بیلاروس آمد، یوگینی پریگوزین پہنچ گئے؟

ویگنر گروپ کے زیر استعمال طیارے کی بیلاروس آمد، یوگینی پریگوزین پہنچ گئے؟

منسک: روسی پرائیویٹ آرمی کے سربراہ یوگینی پریگوزین کے زیر استعمال طیارہ روس سے بیلاروس پہنچ گیا ہے  جس کے متعلق غالب امکان ہے کہ اس میں تین دن قبل روسی فوج کے خلاف ناکام بغاوت کی قیادت کرنے والے یوگینی پریگوزین جلاوطنی اختیار کرنے پہنچے ہیں۔

ویگنر گروپ کے زیادہ تر کمانڈر محب وطن روسی ہیں، روسی صدر

مؤقر نشریاتی ادارے فرانس 24 اور دیگر عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے کا کہنا ہے کہ حکام نے ہفتے کے آخر میں ناکام بغاوت کے بعد یوگینی پریگوزین کے ویگنر گروپ کے خلاف فوجداری مقدمہ خارج کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد یوگینی پریگوزن نے کہا تھا کہ وہ ہمسایہ ملک بیلاروس کے صدر کی دعوت پر جائیں گے لیکن جلاوطنی کے سفر کی مزید تفصیلات عام نہیں کی گئی تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ سروس کے تحت فلائٹ ریڈار24 کی ویب سائٹ نے جیٹ دکھایا ہے جو بیلاروس کے دارالحکومت کے قریب اترا ہے جب کہ یہ طیارہ امریکی دستاویزات میں یوگینی پریگوزن کے زیر استعمال طیارے سے مشابہہ کوڈز کا حامل ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق یہ طیارہ پہلے روسٹوو کے اوپر دیکھا گیا جو کہ جنوبی روسی شہر ہے جہاں یوگینی پریگوزن کے جنگجوؤں نے قبضہ کرلیا تھا تاہم  اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ یوگینی پریگوزن جہاز پر سوار تھے یا نہیں؟

امریکی انٹیلی جنس کو واگنر سربراہ کی پیوٹن کیخلاف بغاوت کاعلم تھا، امریکی میڈیا

روسی صدر نے پیر کی رات کہا تھا کہ بغاوت کرنے والے رہنماؤں نے اپنی مادر وطن کے ساتھ غداری کی، اپنے خطاب میں انہوں نے یوگینی پریگوزن کا نام بھی نہیں لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ویگنر سے منسلک جنگجوؤں کو بیلاروس میں خود کو منظم کرنے، روسی فوج میں شامل ہونے یا گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان کریملن نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا تھا کہ بغاوت کو ختم کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے لیکن مجھے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ یوگینی پریگوزن کہاں ہیں؟ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ کتنے ویگنر جنگجو وزارت دفاع کے ساتھ معاہدے کریں گے؟

انہوں نے بغاوت کی وجہ سے ولادیمیر پیوٹن کی اقتدار پر گرفت متزلزل ہونے کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے اسے ہسٹیریا قرار دیا۔

چین نے روس کی حمایت کر دی

یاد رہے کہ دو روز قبل روسی حکومت نے کہا تھا کہ باغی گروپ ویگنر کے سربراہ بیلاروس جائیں گے اور روس کے خلاف فوجی پیش قدمی روکنے کے بعد بغاوت کے الزامات کا سامنا نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں