اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ میری بے عزتی ہوئی، تو مجھے یہ قبول ہے، نبیل گبول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ میئر کراچی کی تقریبِ حلف برداری میں اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ میری بے عزتی ہوئی، تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے، ویڈیو میں مجھے کُرسی پر بیٹھنے کیلئے کہا گیا کیونکہ تقریب شروع ہونے والی تھی۔ 

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے وائرل ہونے والی ویڈیو کے حوالے سے رد عمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کی تقریب حلفِ برداری میں وہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملے اور بہت خوشگوار موڈ میں بات ہوئی۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے بلاول بھٹو کو لیاری میں کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس مسئلے میں ذاتی دلچسپی لیں۔ اس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں لیاری کی عوام کا احساس ہے، وہ ضرور دلچسپی لیں گے۔

بلاول بھٹو کا نبیل گبول سے ہاتھ ملانے سے گریز، ویڈیو وائرل

رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ‘میری بات سننے کے بعد بلاول بھٹو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مخاطب ہوئے۔ انہوں نے وزیراعلٰی سے سی ای او ‘کے الیکٹرک’ کے ساتھ میٹنگ رکھنے کا کہا۔’

سینیئر پارٹی رہنما نے کہا کہ ‘اسی دوران ڈپٹی میئر سلمان مراد بلاول بھٹو سے ملنے آگئے جس پر بلاول بھٹو کو کھڑا ہونا پڑا۔ ملاقات کے بعد میں نے مشورہ دیا کہ اسلام آباد سے واپس آنے کے بعد نہ صرف چیئرمین کے الیکٹرک کو بلائیں بلکہ ایم ڈی سوئی گیس کو بھی بلائیں کیونکہ لیاری میں سوئی گیس بھی نہیں ہے۔’

بلاول بھٹو رحیم یار خان سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے

نبیل گبول نے کہا کہ ‘میری بات سننے کے بعد بلاول بھٹو نے مجھے کہا کہ ساری باتیں یہاں نہیں ہوں گی، بعد میں آپ سے ملاقات ہوگی تو پھر بات کرتے ہیں۔ اس سب کے بعد جنید جیڈی نے مجھے کہا کہ نبیل بھائی! اپنی کرسی پر بیٹھ جائیں، تقریب شروع ہونے والی ہے جس کے بعد میں بیٹھ گیا۔’

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ‘ایسی کوئی بات نہیں جو سوشل میڈیا پر کی جا رہی ہے۔ اگر میں لیاری کے بارے میں بات کروں اور لوگ سمجھیں کہ اس سے میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے لیکن لیاری کے عوام کو بجلی ملنی چاہیے۔’


متعلقہ خبریں