کوئٹہ میں کریش لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر تباہ، ایف سی اہلکار شہید


کوئٹہ: پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کریش لینڈنگ کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس سے ایف سی اہلکار شہید ہو گیا۔

کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر رضوان آئل ملز کے قریب گر کر تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر کوہلو سے کوئٹہ آ رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے فورا بعد امدادی اہلکاروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ امدادی ذرائع کے مطابق حادثہ میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں ایف سی کا ایک اہلکار شہید ہوا ہے جب کہ پائلٹ اور عملہ محفوظ رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر کہان کوہلو سے ایک زخمی سپاہی کو کوئٹہ منتقل کر رہا تھا کہ اس دوران کریش لینڈنگ کرنا پڑی جس میں پہلے سے زخمی سپاہی شہید ہو گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں