پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب


میئر کراچی کیلئے ہونے والے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب نے میدان مارلیا۔

کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار آج میدان میں اترے۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کے درمیان مقابلہ ہوا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق 11 بجے شو آف ہینڈز کے ذریعے میئر کراچی کے انتخاب کا عمل شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق 34 اراکین پولنگ کے دوران غیر حاضر رہے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو شو آف ہینڈ کے ذریعے 173 جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔

حافظ نعیم الرحمان کا پیپلزپارٹی کو سرپرائز دینے کا اعلان

خیال رہے کہ میئر کراچی کے انتخاب سے قبل اپنے ایک حالیہ بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی کو میئر کے انتخاب میں سرپرائز دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ اِن کے چُنگل سے بچ گئے ہیں جن کا ہم نے انتظام کر لیا ہے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا تھا کہ پیپلز پارٹی میئر کے انتخاب میں دھاندلی کرنا چاہتی ہے لیکن ہم عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنے والے ہیں۔ 25 سیٹیں آر او کے ذریعے تبدیل کرائی گئیں کیونکہ ہمیں زیادہ سیٹیں ملیں لیکن انہوں نے الیکشن کمیشن کو استعمال کیا۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے میئر کراچی کے انتخاب سے قبل بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن ہم جیت چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے 35 اراکین جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دے رہے۔


متعلقہ خبریں