چیئرمین پی سی بی کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی تعیناتی کے معاملے کو لے کر حکومتی اتحادی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی میں اختلافات سامنے آگئے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے متعلق ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ ذکا اشرف جبکہ ن لیگ کی طرف سے نجم سیٹھی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجم سیٹھی کو پی سی بی چیئرمین کیلئے امیدوار نامزد کردیا گیا

بطور پی سی بی چیئرمین اپنے سابقہ ​​تجربے کی وجہ سے جانے جانے والے ذکا اشرف کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے ذکا اشرف کو پی پی پی کی پالیسی کے مطابق اپنی پارٹی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

دوسری طرف چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بھی گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کی طرف سے نجم سیٹھی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

پی سی بی کے اگلے چئیرمین ذکا اشرف ہی ہوں گے، احسان مزاری

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسان مزاری نے کہا تھا کہ کھیلوں کی وزارت پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ چیئرمین پی سی بی وہی ہوگا جس کو پیپلز پارٹی لیڈر شپ نامزد کرے گی۔


متعلقہ خبریں