گینگسٹر کی گرفتاری کیلیے چھاپہ،رینجرز اہلکار شہید

فوٹو: فائل


کراچی: رینجرز اور پولیس کی جانب سے سیاسی جماعت کے گینگسٹر شفیق کالا کی گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپہ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب شفیق کالا سمیت تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے ہیں۔

کورنگی سی 51 الیاس گوٹھ میں رینجرز نے ٹارگٹ کلر شفیق عرف کالا اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے رینجرز کی ریکی پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار حوالدار الیاس شہید جب کہ سپاہی ابراہیم اور امیر زخمی ہوگئے۔

رینجرز کی جوابی کاروائی میں ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کا ساتھی علیم الدین گرفتار کرلئے گئے۔ رینجرز اہلکاروں کو زخمی کرنے والے ملزم شہباز عرف اسامہ کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

فائرنگ کے بعد رینجرز کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر گھر گھر تلاشی بھی لی۔

کارروائی میں گرفتار ملزم شفیق کالا پولیس کو انتہائی مطلوب افراد میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم  کا تعلق کراچی میں سرگرم رہنے والی سیاسی جماعت سے ہے۔  ملزم کے خلاف تھانہ زمان ٹاون میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر نوعیت کے 24 مقدمات درج ہیں۔ دوسرا گرفتار ملزم علیم الدین ملزم شفیق کالا کا قریبی ساتھی ہے۔


متعلقہ خبریں