دہشت گردی کے خلاف قربانی عوام  اور فوج نے دی ، شاہد لطیف


اسلام آباد: ممتاز دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ رہتے پاکستان میں ہیں لیکن ساتھ ہی کشتی میں چھید بھی کر رہے ہیں حالانکہ ان کے خاندان یہاں حکومتیں کر رہے ہیں اور یہ لوگ عیاشیاں کر رہے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام  اور فوج نے قربانیاں دی ہیں، سمجھ نہیں آتی کہ یہ کون سے پشتون ہیں جو ہر روز افغانستان پہنچے ہوتے ہیں،  یہ تو دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ان کی زبان بندی ہو اور انہیں سزا دی جائے تبھی انصاف ہو پائے گا، ہم نے ان کے لیے قربانیاں دیں لیکن یہ لوگ اسی پلیٹ میں چھید کر رہے ہیں۔

ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا کہ جن افغانیوں کی ہم نے میزبانی کی ان میں دہشت گرد موجود ہیں، انہیں شناختی کارڈ دیے جا رہے ہیں حالانکہ انہیں وطن واپس بھیجنا چاہیے، انہیں باقاعدہ پیسے دے کر کام کرایا جاتا ہے، اس کے لیے بڑی بڑی رقوم ملتی ہیں، آج ہم بلوچستان اور سوات کو قومی دھارے میں واپس لائے ہیں، ہم  نے دہشت گردی کے خلاف جانوں کے نذرانے دیے، جو لوگ ایسے ایجنڈوں پر کام  کر رہے ہیں انہیں دیکھا جانا چاہیے، ان پر ہمارا قانون لاگو ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ممبئی حملوں کے لیے پاکستان کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا گیا بلکہ سب نے کہا کہ پاکستان ان حملوں میں ملوث نہیں، ادھر ہمارا ہی سابق وزیر اعظم پاکستان پر الزام لگا رہا ہے، ہمارے لوگ افغانستان اور امریکہ کا ساتھ  دے رہے ہیں، باہر کے لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ ہماری مدد کریں اور ہماری کرسیاں بچائیں۔


متعلقہ خبریں