ریحام خان کی کتاب کے خلاف جمائمہ بھی میدان میں


لندن: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان بھی عمران خان کے دفاع کے لیے میدان میں آ گئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں جمائمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف لکھی گئی ریحام خان کی کتاب اگر برطانیہ سے شائع ہوئی تو وہ ریحام خان کے خلاف مقدمہ دائر کریں گی، ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں شائع ہونے کے قابل ہی نہیں ہے۔

جمائمہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 16 برس کے بیٹے کی ذاتی زندگی میں مداخلت  پر ریحام خان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گی اور ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کریں گی۔

جمائمہ نے ریحام خان کی طرف سے یہودی ہونے کا الزام لگانے پر بھی عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے اشاعت سے قبل ہی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت چرچے ہیں، ریحام خان کی کتاب کا کچھ حصہ میڈیا پر آنے کے بعد تحریک انصاف میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے بھی ریحام خان کی جانب سے اپنی کتاب میں لگائے گئے الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے اور ہتک عزت کا دعویٰ  دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ریحام خان نے عمران خان سے علیحدگی کے بعد اپنی نجی زندگی سے متعلق کتاب لکھنے کا اعلان کیا تھا جو اب مکمل ہو چکی ہے اور جلد شائع ہو جائے گی۔

تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کتاب کی اشاعت میں مسلم لیگ ن ملوث ہے اس لیے اسے الیکشن سے دو ماہ قبل سامنے لایا جا رہا ہے تاکہ تحریک انصاف کی ساکھ کو متاثر کیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں