تل ابیب: انتہا پسند اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن غفیر نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کا انچارج اسرائیل ہے۔
فلسطینی رہنما خضر عدنان طویل بھوک ہڑتال کے بعد اسرائیلی جیل میں جاں بحق
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی سیاست میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن غفیر نے یہ ہرزہ سرائی اتوار کے دن اس وقت کی جب انہوں نے مسجد الاقصیٰ کا متنازعہ دورہ کیا۔
اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی نے یہ ہرزہ سرائی اس وقت کی ہے جب علاقے میں پہلے سے سخت کشیدگی ہے کیونکہ چند روز قبل ہی یہودی نوجوانوں کے ایک گروپ نے القدس کے شہرِ قدیم میں قوم پرستوں کے مارچ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ دھینگا مشتی کی تھی اور نسل پرستانہ نعرے لگائے تھے۔
بن غفیر نے کہا مجھے ٹیمپل ماؤنٹ پر چڑھنے کی خوشی ہے، یہ اسرائیلی عوام کے لیے سب سے اہم جگہ ہے، حماس کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، ہم یروشلم اور اسرائیل کی پوری سرزمین کے انچارج ہیں۔
واضح رہے کہ یہودی مسجد الاقصیٰ کو ٹیمپل ماؤنٹ اور اپنے لیے مقدس ترین جگہ قرار دیتے ہیں جہاں حضرت سلیمان علیہ السلام نے تین ہزار سال قبل پہلا ہیکل تعمیر کیا تھا اور جہاں رومیوں نے ایک دوسرے ہیکل کو مسمار کردیا تھا۔
اسرائیلی جاسوسی کمپنی نے کتنے ممالک کو نشانہ بنایا، رپورٹ آ گئی
اسی پہاڑی مقام پر اسلام کا قبلۂ اول مسجد الاقصیٰ ہے۔ اس کے احاطے میں چٹان کے ساتھ ہی وہ سنہرا گنبد (صخرہ) واقع ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سفرمعراج کے دوران آسمان کی طرف روانہ ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ مروج معاہدے کے تحت اردن مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے مقدس مذہبی مقامات کا انچارج ہے اوراس انتظام کے تحت غیر مسلم پرانے شہر کے وسط میں واقع اس مقام مسجد الاقصیٰ میں جا تو سکتے ہیں لیکن انھیں عبادت کی اجازت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود آئے دن یہودی زائرین اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی بڑھتی ہے۔
فلسطین کے صدر محمود عباس کے ایک ترجمان نے اس ضمن میں کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کے صحن میں چوروں کی طرح بن غفیرکی دراندازی سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی اور نہ ہی اس پر اسرائیل کی خود مختاری مسلط کی جائے گی۔
پرندے نے اسرائیلی پرچم اتار کر نیچے پھینک دیا، ویڈیو وائرل
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو مسجد الاقصیٰ پر بن غفیر کے وحشیانہ اوراشتعال انگیز حملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔انھوں نے فلسطینیوں پرزوردیا ہے کہ وہ مسجد میں اپنی آمد کا سلسلہ تیز کردیں اوراسے ناپاک کرنے اور یہودی بنانے کی تمام کوششوں کا مقابلہ کریں۔