اصغر خان کیس: نواز شریف سمیت 31 افراد کل سپریم کورٹ طلب


اسلام آباد: اصغرخان کیس کی سماعت کل بدھ کے روز سپریم کورٹ میں ہو گی، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس پرعملدرآمد کا جائزہ لے گا، سپریم کورٹ کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی اور نواز شریف سمیت 31 افراد کو نوٹسز جاری ہو چکے ہیں۔

جن دیگر افراد کو نوٹسز جاری ہوئے ہیں ان میں عابدہ حسین ،الطاف حسن قریشی، جاوید ہاشمی، جام معشوق، اجمل خان، آفاق احمد، خورشید شاہ، غلام مصطفی کھر اور سراج الحق شامل ہیں۔

گذشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے اصغرخان کیس پرعملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ نے بھی اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا اور حکومت ایک سب کمیٹی بنا کر خاموش ہو گئی ہے۔

اصغر خان کیس کیا ہے؟

اصغر خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ 1990 کی دہائی میں اسلامی جمہوری اتحاد تشکیل دینے کے لئے آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے نواز شریف سمیت دیگر سیاست دانوں میں رقوم تقسیم کی تھیں۔

پاکستان کی سپریم کورٹ نے اس مقدمے کا مختصر فیصلہ 19 اکتوبر2012 کو سنایا تھا جس میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ جن سیاست دانوں نے یہ پیسہ لیا تھا ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔


متعلقہ خبریں