اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نفزت اور تکبر سے بھرے ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کی سیاست میں ایک فتنہ آیا اور اس شخص کا کام ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں۔ اس شخص نے 2014 میں 126 دن کا دھرنا دیا اور چینی صدر کے دورے کے موقع پر دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا۔ پی ٹی آئی دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص کی وجہ سے چینی صدر ایک سال تک ملک میں نا آ سکے اور منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔ عمران خان نفرت اور تکبر سے بھرے ہوئے ہیں یہ نواز شریف کو گالیاں دیتے تھے مگر نواز شریف نے اسے فون کیا جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے نواز شریف نے تمام پارٹیوں کو بلایا اور عمران خان کو بھی فون کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کو ختم کیا لیکن آج پھر خیبرپختونخوا میں دہشتگردی ہے اور عمران خان نے دہشتگردوں کو خیبر پختونخوا میں آنے کا موقع دیا۔ جب لوگ مل کر بیٹھتے ہیں تو مسائل حل ہوتے ہیں لیکن عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی لانگ مارچ کبھی جلسے اور کبھی ریلیاں نکالیں جبکہ جنرل فیض اور جنرل باجوہ نے عمران خان کا ساتھ دیا اور وہ لوگ خود اقرار کر چکے ہیں کہ ہم نے معاملات کو مینج کیا۔ جنرل فیض نے کہا یہ ہماری 2 سال کی محنت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اورپی ٹی آئی کی باہمی رضامندی کے بعد مذاکرات کاوقت تبدیل
وزیر داخلہ نے کہا کہ جسٹس (ر) ثاقب نثار نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہاتھ ملا کر نواز شریف کو سزا دی اور نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا۔ اب ان کرداروں کے بیٹوں کی آڈیوز آ رہی ہیں اور جو آج لوگوں کی ٹانگیں توڑ کر کروڑوں روپے لے رہے ہیں اقتدار میں کیا کیا ہو گا اور انہوں نے نواز شریف کو نااہل کرنے کے کتنے پیسے لیے ہوں گے۔ نواز شریف کو نااہل کرنے سے ملک کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں ملک ترقی کر رہا تھا لیکن کیا مشن تھا کہ اس فتنے کو ہم پر مسلط کیا گیا اور 2018 کے انتخابات میں زبردست دھاندلی کی گئی۔ ہمارے لوگوں کو بلا کر دھمکیاں دی جاتی تھیں اور ہمارے لوگوں کو لالچ دیا جاتا رہا۔ عمران خان کو ایک سازش کے تحت لایا گیا۔