ایم ڈی پی آئی اے کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قومی ایئرلائنز کے مینیجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) مشرف رسول کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

سپریم کورٹ میں پی آئی اے کے طیاروں سے قومی پرچم ہٹانے کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے طیاروں سے قومی پرچم اتارنے سے روکنے کا حکم برقرار رکھا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ 34 لاکھ روپے جہاز کی دم پر لگانے کے بجائے طیاروں کے واش روم ہی ٹھیک کرا لیے جائیں، جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ صرف حکومت سے اربوں روپے کا بیل آؤٹ پیکیج لے سکتے ہیں۔

عدالت نے کیس کو پی آئی اے کی نجکاری کیس سے منسلک کرتے ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے  جہازوں سے قومی پرچم ہٹا کر مارخور کی تصاویر پینٹ کرنے کا ازخود نوٹس لیا تھا، گزشتہ سماعت میں ایم ڈی پی آئی اے عدالت میں پیش ہوئے تھے اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ مارخور قومی جانور ہے اس کی تصویر پینٹ کر رہے ہیں، ایک جہاز پر 27 لاکھ  روپے کی لاگت آئے گی اور ویسے بھی ہر جہاز کو چار سال بعد دوبارہ پینٹ کرنا ہوتا ہے۔

رواں سال اپریل میں ایوی ایشن ڈویژن اسلام آباد میں قومی ایئرلائنز کا لوگو تبدیل کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ اب تمام طیاروں پر قومی جانور مارخور کی تصاویر پینٹ کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں