جسٹس(ر) دوست محمد خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی مقرر

جسٹس(ر) دوست محمد خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی مقرر | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا کے لیے جسٹس (ر) دوست محمد خان کو نگران وزیراعلی مقرر کر دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق منگل کی صبح ہونے والے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس (ر) دوست محمد کو نگراں وزیراعلی نامزد کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن میں اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا میں حکومت اور تحریک انصاف نگراں وزیراعلی کے لیے کسی نام پر متفق نہیں ہو سکے تھے۔ پارلیمانی کمیٹی میں بھی معاملے پر اتفاق نہ ہو سکنے کے بعد نگراں وزیراعلی کی نامزدگی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سپرد کی گئی تھی۔

جسٹس (ر) دوست محمد آئندہ عام انتخابات (الیکشن 2018) تک خیبرپختونخوا کے وزیراعلی رہیں گے۔

جسٹس دوست محمد رواں سال 20 مارچ کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے، اس دوران فل کورٹ ریفرنس لینے سے معذرت کرنے پر وہ خبروں کی زینت بھی بنے۔

جسٹس(ر) دوست محمد کون؟

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج رہنے والے دوست محمد 17 نومبر 2011 سے 31 جنوری 2014 تک پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ ذیلی عدالتوں کے علاوہ عدالت عالیہ اور عدالت عظمی میں قانون دان کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔

اپنی وکالت کے دوران جسٹس (ر) دوست محمد ڈسٹرکٹ بار بنوں اور پشاور ہائی کورٹ بار (ڈی آئی خان بینچ) کے صدر بھی رہے ہیں۔

تین نومبر کو سابق فوجی سربراہ پرویز مشرف کی نافذ کردہ ایمرجنسی کے دوران جسٹس (ر) دوست محمد نے بھی پروویژنل کانسٹیٹیوشنل آرڈر (پی سی او) کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔

ایک وطن پرست فرد کی شناخت رکھنے والے جسٹس (ر) دوست محمد نے پاکستانی سرزمین پر امریکی ڈرون حملوں کو ’جنگی جرام‘ قرار دیتے ہوئے حکومت سے کہا تھا کہ وہ معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے۔

پرویز مشرف کو الیکشن لڑنے کے لیے تاحیات نااہل کرنے کا فیصلہ، فیول ایڈجسٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دینا، لاپتہ افراد اور خواتین کو ووٹ دینے سے روکنے کے متعلق فیصلے بھی جسٹس (ر) دوست محمد کے کریڈٹ پر ہیں۔ انہی کے دور میں موبائل (متحرک) عدالتوں، شکایتیں درج کرانے کا آن لائن نظام اور آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن (اے ڈی آر) بھی متعارف کروائے گئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 20 مارچ 1953 کو پیدا ہونے والے جسٹس (ر) دوست محمد نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 بنوں سے حاصل کی۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بنوں سے 1974 میں گریجویشن کے بعد انہوں نے کراچی میں سندھ مسلم لاء کالج (ایس ایم لاء کالج) سے قانون کی سند حاصل کی۔


متعلقہ خبریں