امارات کے بعد کویت نےبھی بھارتی پھلوں اور سبزیوں پر پابندی عائد کردی

اتوار بازاروں میں سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے بعد کویت نے بھی بھارت سے پھلوں اورسبزیوں کی درآمدات پر پابندی عائد کر دی۔

بھارت سے درآمد کیے جانے والے پھلوں اورسبزیوں میں ’نیپا‘ نامی جرثومہ (وائرس) پائے جانے کی تصدیق پرگزشتہ روز کویت نے بھارتی پھلوں اور سبزیوں کی درآمدات پر پابندی عائد کی ہے ۔ دو دن قبل متحدہ عرب امارات نے بھی بھارتی پھلوں اورسبزیوں کی درآمدات پر پابندی عائد کی تھی۔

مؤقراخبار’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھارتی ریاست کیرالہ سے درآمد کیے جانے والے آم، کھجوراورکیلے میں نیپا  نامی جرثومہ پایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیپا جرثومہ نہ صرف جانوروں بلکہ انسانوں کو بھی شدید متاثر کرتا ہے۔

بھارت سے آنے والے پھل اور سبزیوں میں وائرس کی تصدیق کے بعدامارات فوڈ اتھارٹی نے پابندی عائد کرنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد یو اے ای حکومت نے ابوظہبی سمیت دیگر فوڈ کنٹرول اداروں کو متعلقہ ہدایات جاری کی تھیں۔

اماراتی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب بھارتی ریاست کیرالہ میں نیپا وائرس سے 14 افراد کے ہلاک ہونے کی رپورٹ منظر عام پر آئی۔

میڈیا کے مطابق کیرالہ میں اطلاع ملنے پر جب 116 افراد کا معائنہ کیا گیا تو 15 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے کیرالہ سے آنے والے بھارتی باشندوں کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ ملک میں داخلے سے قبل کیرالہ کے رہائشی مخصوص میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

بھارتی حکومت تاحال نیپا جرثومہ سے نمٹنے کے لیے کوئی ویکسین تیار نہیں کرسکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق نیپا جرثومہ پھلوں اورسبزیوں کے پودوں پر بیٹھنے والی چمگادڑ سے پھیلتا ہے۔ انسان اورجانور دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ جرثومہ براہ راست دماغ کو نقصان پہنچاتا ہے۔

اماراتی اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر وحید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کویت کی جانب سے بھارتی درآمدات پرعائد کردہ پابندی سے پاکستانی اشیا خورونوش کی برآمدات دگنی ہونے کا امکان ہے۔ وحید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی ایکسپورٹرزمعیاری اشیا برآمد کرکے اماراتی مارکیٹ میں اپنے لیے جگہ بناسکیں گے۔


معاونت
متعلقہ خبریں