سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سیشن کورٹ نےعمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ 3 روزسےاسلام آباد بار کی ہڑتال چل رہی ہے جس پر مخالف وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وکلاء کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں ہیں، اگر وکیلِ ملزم ہڑتال پر ہوتےتو عمران خان کو موجود ہونا چاہیے تھا،ٹرائل کی اسٹیج پر ملزم کی کمرہ عدالت میں حاضری لازم ہوتی ہے،
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان سے حکومت نے سیکیورٹی واپس لےلی گئی ہے،عمران خان تو ویڈیولنک پربھی عدالت پیش ہوسکتےہیں، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے، دیگر کارروائی جاری رکھیں گے۔
جج ظفر اقبال نے کہا کہ مشترکہ مشاورت سے عدالتی سماعت کے حوالے سے بتا دیں،
وکیل فیصل چوہدری نے کہا رمضان کے بعد توشہ خانہ کی سماعت رکھ لیں، کیا جلدی ہے؟ خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں کیا جلدی ہے، کیس کو معمول کے مطابق ڈیل کیاجائے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا اتنا عرصہ ہوگیا کیس ابھی تک آگے نہیں بڑھا، سپریم کورٹ کرمنل کیسز کو جلدی نمٹانے کاکہا ہوا ہے، عدالت نے عید کی تاریخ رکھنے کی استدعا پر کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔