حسان نیازی پھر گرفتار، لاہور پولیس لینے پہنچ گئی

فائل فوٹو


لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کو پھر گرفتار کر لیا گیا جنہیں لینے لاہور پولیس کوئٹہ پہنچ گئی۔

کوئٹہ پولیس نے عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل سے صدر تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ بلوچستان نے حسان نیازی کو لاہور پولیس کے حوالے کرنے کے لیے آئی جی، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کو مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے حسان نیازی کی حوالگی کی درخواست کی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ حسان نیازی لاہور پولیس کے ریس کورس تھانے کو مطلوب ہے اور کوئٹہ میں درج مقدمہ میں ضمانت ہوتے ہی حسان نیازی کو لاہور پولیس کے حوالے کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ حسان نیازی کو لاہور پولیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر سید عدنان بخاری کے حوالے کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا پلان بتا دیا

محکمہ داخلہ بلوچستان نے آئی جی کو حسان نیازی کی باحفاظت لاہور منتقلی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں