عمران نذیر کا کیریئر کے عروج پر زہر دیئے جانے کا انکشاف


کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج اوپنر عمران نذیر نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے عروج پر انہیں زہر دیا گیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عمران نذیر نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مجھے زہر دے کر معذور کرنے کی کوشش کی گئی اور حال ہی میں کرائے گئے ایم آر آئی میں معلوم ہوا کہ مجھے انتہائی سست رفتار زہر مرکری دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زہر مرکری جوڑوں تک پہنچ کر انہیں نقصان پہنچاتا ہے اور 8 سے  10 سال تک میرے جوڑوں کا علاج کیا گیا جو خراب ہو چکے تھے۔ میں بیماری کے دوران علاج کرتا رہا کہ بستر پر نہ پڑ جاؤں اور شکر ہے ایسا نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو شکست

عمران نذیر نے کہا کہ مجھے زہر دینے کے حوالے سے بہت سے لوگوں پر شک تھا لیکن میں کسی پر الزام نہیں لگا سکتا تھا کیونکہ میں نہیں جانتا کہ میں نے کب اور کیا کھایا۔ مرکری فوری اثر نہیں کرتا اس لیے معلوم نہیں ہو سکتا تھا کہ کس نے کیا کیا۔

انہوں نے کہا کہ علاج کے دوران میری ساری جمع پونجی ختم ہو گئی تھی اور اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے میرا بہت ساتھ دیا تھا اور ڈاکٹر سے کہا کہ میرا بھائی ٹھیک ہونا چاہیے انہوں نے رقم کا مسئلہ نہیں ہونے دیا۔


متعلقہ خبریں