شارجہ: ٹی 20 کی تاریخ میں پہلی بار افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی جبکہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف بین الاقوامی میچ میں یہ پہلی فتح ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔ فاتح ٹیم نے 93 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کیا جبکہ پاکستان کو ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو جیت کے لیے 93 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی 38 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ نجیب اللہ زدران 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ رحمان اللہ گرباز 16، ابراہیم زدران 9 اور کریم جنت 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی پاکستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی
قبل ازیں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور حارث نے کیا جو زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔ حارث محض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے اور کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد طیب طاہر نے تھوڑی مزاحمت دکھائی مگر راشد خان نے ان کو چلتا کیا۔
اعظم خان بھی بغیر کھاتا کھولے مجیب الرحمان کو کیچ دے بیٹھے۔ شاداب خان اور عماد کے درمیان 19 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم شاداب 12 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کے محمد نبی، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ یہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچواں کم ترین اسکور ہے۔