تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانتوں میں 27 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانتوں کی درخواستوں کی رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ سماعت کی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم صرف ایک گراؤنڈ پر ضمانتوں میں توسیع تو کرنے لگے ہیں ،اسلام آباد کی عدالت میں آپکی درخواستیں زیر سماعت نہ ہوئیں تو سامنا کرنا پڑیگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وارننگ دے رہے ہیں کہ کوئی غلط بیانی ہوئی تو اس کے بہت سنجیدہ نتائج ہوں گے ،آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع ہوسکتی ہے۔
اس سے پہلے وکیل عمران خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم پیش ہونا چاہتے ہیں، ہماری بدنیتی کہیں بھی نہیں ہے، عمران کی شدید سکیورٹی خدشات ہیں۔
عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ جب میں 18 مارچ کو اسلام آباد گیا تو پتھراؤ اور شیلنگ کی گئی ، میری زندگی خطرے میں تھی ، تمام کوششوں کے باوجود میں متعلقہ عدالت نہیں پہنچ سکا، میرے اوپر دہشتگردی کے 40 کیسز ہیں۔
سرکاری وکیل نے اعتراض کیا کہ عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ کے بجائے اسلام آباد کی عدالت میں جانا چاہیے۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا۔
عمران کے وکیل نے کہا کہ 27 کو عمران خان نے دیگر کیسز میں اسلام آباد پیش ہونا ہے یہ عدالت 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرے۔