نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے


کوئٹہ: بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ اب پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔

بلوچستان حکومت اور اپوزیشن کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، صوبائی حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے کسی نام پر بھی اتفاق نہیں ہوسکا۔

صوبائی حکومت نے میر علاؤالدین مری، پرنس احمد علی، کامران مرتضیٰ اور حسین بخش بنگلزئی کے نام تجویز کیے جبکہ اپوزیشن نے اشرف جہانگیر قاضی، اسلم بھوتانی اور علی احمد کرد کے نام تجویز کیے تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور قائد حزب اختلاف عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان پانچ ملاقاتیں ہوئیں۔

صوبائی حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہونے کے بعد اب فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا، حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دو دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیـصلہ کیا گیا ہے۔

آئین کے مطابق پارلیمانی کمیٹی میں صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے تین تین ارکان شامل ہوتے ہیں جنہیں تین روز میں کسی ایک نام پر متفق ہونا ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں