صادق اور امین ہونے کا فیصلہ عوام کا ووٹ کرے گا، خواجہ آصف

فائل فوٹو


سیالکوٹ؛ سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جو کام 70 سالوں میں نہیں ہوئے وہ نواز شریف کے دور میں ہوگئے، عوام کے بل بوتے پر ہم انتخابات لڑتے اور جیتتے ہیں۔

سیالکوٹ میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہم نے اس کٹھن سفر کو کامیابی سے طے کیا ہے، جس سفر کا سلسلہ منقطع ہوگیا تھا اُس کا آغاز 25 جولائی کو دوبارہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دس سال قبل لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شکار تھے جس سے آج نجات حاصل کرچکے ہیں، چھ سال قبل دہشت گردی کا یہ عالم تھا کہ لوگ اتنا بڑا اجتماع  کرنے سے ڈرتے تھے کہ خدانخواستہ کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کے سپاہی کی حیثیت سے قافلے کی باگ ڈور سنبھالی اور اس سفر کو جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ مئی کو پارٹی کی جانب سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا، میں نے اور میرے ساتھیوں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دی ہوئی ہے اب عوام کا ووٹ ہی ثابت کرے گا کہ کون صادق اور امین ہے۔

انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ کے ووٹ نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ نواز شریف کل بھی آپ کا قائد تھا اور آج بھی وہ آپ کا قائد ہے، 25 جولائی ووٹ کی عزت اور حرمت کا دن ہے۔


متعلقہ خبریں