کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان مافیاز کے کنٹرول میں ہے، ملک کی معاشی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے پاکستانی سفارتکاروں کے زیر استعمال املاک کا کرایہ تک ادا نہیں کیا جا سکا ہے کیونکہ ہمارے پاس ڈالرز نہیں ہیں۔
آئی ایم ایف کی نیوکلیئر اثاثوں سے متعلق شرط عائد کرنے کی تردید
غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ تین ماہ سے جس طرح املاک کا کرایہ نہیں دیا جا سکا ہے بالکل اسی طرح تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں ہو سکی ہے جو ملک کے لیے شرمنگی کا سبب ہے۔
کامران ٹیسوری نے ایک سوال کے جواب میں کہا ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے مگر کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے، کسی کے پاس کوئی حل نظر نہیں آتا ہے، حکومتی وزرا اور اپوزیشن والے ایک جیسی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا 75 سال بعد بھی ایسا لگتا ہے کہ ابھی ہجرت ہوئی ہے، جو صورتحال ہے وہی باتیں تو بزرگ بتاتے تھے، بیرونی ممالک میں بھی ہماری بدنامی ہو رہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا آج پاکستان دنیا میں اس لیے جانا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف نے ایک یا دو بلین ڈالرز ہمیں نہیں دیے، پاکستان کا نام روشن کرنے والوں کو بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، باہر پڑھنے والوں کو فیس ادا کرنے کے لیے بھی ڈالرز دستیاب نہیں ہیں۔
مہنگائی کے ذمہ دار پی ڈی ایم، اکثریت عمران خان کیساتھ، پاکستانی نئی سیاسی جماعت کےبھی منتظر
کامران ٹیسوری نے کہا پاکستان سے لوگ ہجرت کر کے جائیں گے تو ملک کا نقصان ہو گا، معیشت کے شہر کو ہم نے مجرموں کا شہر بنا دیا، بجلی، گیس اور پانی پر بات ہی نہیں کر سکتے، یہ سب مافیاز چلا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا ملک اور صوبہ بھی مافیاز کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کو دنیا میں مقام دلانے کے لیے اس سے ہمیں آزاد ہونا پڑے گا، ہم خود کو ٹھیک کرنے کے بجائے دوسروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
ملکی معیشت کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا ہم آگے نہیں بڑھ رہے ہیں بلکہ ایک دائرے میں ہی گھوم رہے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک سوال کے جواب میں ساحر لدھیانوی کا یہ شعر سنایا، نہ منہ چھپا کے جئے ہم نہ سر جھکا کے جئے- ستم گروں کی نظر سے نظر ملا کے جئے۔
کراچی کو نظر لگ گئی، شہر کو غریب سمجھ کر کوئی منہ نہیں لگا رہا، گورنر سندھ
کامران ٹیسوری سے جب اردو نیوز نے ایک اور سوال پوچھا تو اس کا جواب بھی انہوں نے کاظم حسین کاظم کی غزل کا یہ شعر سنا کر دیا، جو غریبوں کا دیا پھونک کر تھم جاتی ہے- ایسی کم ظرف ہواؤں سے الجھ بیٹھا ہوں میں۔