25 جولائی مسلم لیگ ن کی جیت کا دن ہو گا، سعد رفیق


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 25 جولائی مسلم لیگ ن کی جیت کا دن ہو گا، عمران خان نے صرف نفرت کے بیج بوئے ہیں۔

لاہور پیرا گون سوسائٹی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق  نے کہا کہ نگراں وزیراعظم ناصر الملک اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ضمانت دی  ہے کہ انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ پانچ سال میں وہ کام کیے ہیں جو 25 سالوں میں بھی نہیں کیے گئے تھے، ہم نے اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیا بلکہ جو ہم سے مقابلہ کرے گا ہم اُن سے مکالمہ کریں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا مجموعی  دورانیہ دس سال سے زیادہ نہیں ہے، اس میں سے بھی ڈیڑھ دو سال تو دھرنے دینے والوں اور پیشیوں نے ضائع کیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف آئے تو ہم نے اداروں کو اکھٹا بٹھایا، کراچی سمیت ملک بھر میں امن قائم کیا، سی پیک کے لیے کوئی ایک دھیلا دینے کو تیار نہیں تھا، ہمیں تو کام کے بدلے میں الزام دیے جا رہے ہیں، کیا ہم انسان نہیں ہیں کیا ہمارے دل خراب نہیں ہوتے ؟

خواجہ سعد رفیق نے اختیارات کا رونا روتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں ووٹ تو مل جاتے ہیں لیکن ووٹ کے ساتھ اختیارات نہیں دیے جاتے اور اگر اختیارات استعمال کرتے ہیں تو ہر چیز پر سوال ہو گا تو پھر کام کون کرے گا، یہ صرف ہمارا جھگڑا نہیں ہر کسی کے ساتھ  یہی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں 16 سے 17 وزیراعظم آئے لیکن سب کو ہی خوار کیا گیا، شہباز شریف کے کاموں کی دنیا تعریف کرتی ہے لیکن ہمیں اُن کا کام پسند نہیں آتا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہم نے کون سا وعدہ پورا نہیں کیا ہے ؟ ہم نے ریلوے کو بحال کیا، کوئی ہمیں بتائے کہ چار چار سو گاڑیاں سی این جی اسٹیشنز کے باہر کھڑی ہوتی تھیں وہ اب کیوں نہیں ہوتیں ؟


متعلقہ خبریں