لوگ ہم پرپتھراؤ اور ڈنڈے برسا رہے ہیں، پٹرول بم بھی پھینک رہے ہیں، آئی جی پنجاب

usman anwar

لاہور: آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے ڈی آئی جی عدالت کی جانب سے عمران خان کی ناقابل ضمانت گرفتاری کا وارنٹ لے کر لاہور آئے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لئے لاہور پولیس سے مدد مانگی، کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ وہاں سے ردعمل آئے گا اس لئے ہم نے ان کی مدد کی اور ان کے ساتھ 3 سوسے زائد بندے بھیجے۔

زمان پارک میں اس کے جواب میں پہلے سے حکمت عملی تیار تھی، وہاں جا کر ان کو سمجھانے کی کوشش کی گئی۔

اس کے جواب میں وہاں سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، ڈنڈے برسائے گئے اور پٹرول بم پھینکے گئے۔ رینجرز کی گاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ پتہ چلا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی ہے، پولیس کی واٹر کینن کو آگ بھی لگائی گئی۔

آئی جی عثمان انور کا کہنا تھا کہ جگہ جگہ طوفان بدتمیزی اور سوشل میڈیا پر لوگوں کو پولیس پر حملہ کرنے کے لئے اکسایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس صرف اور صرف یہ کرنا چاہ رہی ہے کہ جو عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے اس پر عملدرآمد کرایا جائے۔

ہمارا یہ کہنا ہے کہ بڑا چھوٹا قانون کے لئے سب برابر ہے، ہم صرف قانون پر عملدرآمد کروانا چاہتے ہیں۔ لوگوں کو اکسایا جائے گا اور پولیس پر حملے کئے جائیں گے تو پولیس کو لامحالہ ایکشن لینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک معصوم شخص ایکسڈنٹ میں مرتا ہے اگر وہ بھی پولیس کے اوپر ڈال دیا جاتا ہے جو کہ ثابت ہو چکا ہے کہ حادثہ تھا۔ اس کے گھر والے بھی مان چکے ہیں کہ حادثہ تھا، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے کوئی مسلح شخص وہاں نہیں بھیجا، اسی وجہ سے وہ لوگ ہم پر ڈنڈے برسا رہے ہیں، پتھراؤ کر رہے ہیں بلکہ پٹرول بم پھینک رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ والدین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں یہ عدالتی عمل ہے ، نوجوان بھی سمجھیں، اگر قانونی نظام میں رکاوٹ بنیں گے تو قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔


متعلقہ خبریں