تحریک انصاف نے لاہور ریلی ملتوی کردی


تحریک انصاف  نے لاہور میں ہونے والی ریلی کل تک ملتوی کردی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار  چاہتے ہیں،  ارباب  اختیار شہر کے راستےکھول دیں۔

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ  آج ایک بار پھر لاہور میں حکومت نے کرفیو لگا رکھا ہے۔جب بھی عمران خان باہر نکلنے کی بات کرتا ہےیہ کرفیولگادیتےہیں۔انہیں پتہ ہے عمران خان ضمانت کیلئے نکلتا ہے توپورا پاکستان نکل آتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔30اپریل کو الیکشن ہوگا، ایک بڑی جماعت کو الیکشن مہم سےروکا جارہا ہے،کسی جگہ سے بھی ہمارا روٹ پی ایس ایل کے روٹ سے نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی ہے۔ایک ننھی منی جماعت کی 18 گاٰڑیوں کا جلوس گزارنے کی اجازت ہے۔ہم ریلی نکالنے لگتے ہیں تو کرفیو لگا دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نےدفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا

ان کا کہنا ہے کہ ایک امریکی کانگرس رکن نے بھی پاکستان کی صورتحال پر نوٹس لے لیا ہے۔عمران خان کی جدوجہد آئین و قانون کے تحت ہے۔نگران حکومت کے ذریعے جمہوری نظام کو منجمند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 8 مارچ کو جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا، گرفتاریاں ہوئیں، لاٹھی چارج ہوا، ظل شاہ کو شہید کیا گیا لیکن ہم چپ رہے اور آج پھر وہ سب کچھ بندوبست کیا گیا ہے اس لیے ہم نے ریلی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ خون خرابہ چاہتے ہیں اور ہم الیکشن۔ ہم ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ، نہیں چاہتے پی ایس ایل متاثر ہونے کا الزام ہم پر آئے۔ حکومت گرفتاریوں کا جواز پیدا کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہےکہ آج پی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا جس کی قیادت عمران خان نے کرنا تھی۔عمران خان کی جانب سے  ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں