کاغذات نامزدگی فارم:سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج اہم مقدمات کی سماعت ہوگی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق اور الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں آج ہی علیحدہ علیحدہ  درخواستیں دائر کی تھیں جن میں کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کیاگیا تھا۔

سردار ایاز صادق نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے الیکشن کے انعقاد میں تاخیر ہوگی، اس لیے آپ کے پاس حاضر ہوئے ہیں۔ درخواست میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ یہ بروقت الیکشن کے انعقاد کا معاملہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے وکلا نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری سماعت کی بھی استدعا کی تھی۔

لاہورہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی فارم میں کی گئیں ترا میم کالعدم قرار دیتے ہوئے پرانا فارم بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کاغزات نامزدگی کے حوالے سے لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ تاخیر کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان پرعائد ہو گی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن دہری شہریت پرمعلومات لے سکتا ہے۔ عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ  دہری شہریت اور فوجدای مقدمات میں ملوث افراد الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں۔

پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کی مخالفت کے باوجود فارم میں تبدیلی کرکے قرضے، دیوانی و فوجداری مقدمات اور دہری شہریت سمیت بہت سی شقیں کاغذات نامزدگی کے فارم سے خارج کردی تھیں۔


متعلقہ خبریں