کم عمر پاکستانی کوہ پیما نئے مشن پر روانہ


اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف ایک اور نیا عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے روانہ ہو گئے۔

دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑی چوٹی کے ٹو سر کرنے والے 20 سالہ کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف اب ایک اور نیا عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے لاہور سے نیپال کے لیے روانہ ہو گئے۔

شہروز کاشف اب 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاہم شہروز پہلے ہی ان میں سے 10 چوٹیاں سر کر چکے ہیں اور ایسا کرنے والے وہ دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔

شہروز کاشف نیپال میں موجود 8 ہزار 91 میٹر بلند اناپورنا اور 8 ہزار 167 بلند دھولاگیری کو تسخیر کرنے کے مشن پر روانہ ہوئے ہیں ۔ ان چوٹیوں کو کامیابی سے سر کرنے کے بعد ان کے مشن 14×8000 کی صرف دو چوٹیاں یعنی (شیشپنگما اور چویو) رہ جائیں گی۔

ہر لمحہ شہروز کی حوصلہ افزائی کرنے والے ان کے والد کاشف سلمان کا کہنا تھا کہ انہیں شہروز کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے اور اللہ نے شہروز کو بے پناہ قوت سے نوازا ہے اس لیے وہ مشکل سے مشکل چیلنچز کا بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے اہم ساتھیوں کی جیل سے رہائی شروع

دعاؤں کے سائے میں رخصت کرتے ہوئے شہروز کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ شہروز کاشف ایک مرتبہ پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرے گا۔

اس موقع پر شہروز کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب بھی دینا چاہتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں