لاہور کس کا ؟ لاہوریوں نے سنسنی خیز فیصلہ دے دیا


لاہور: پنجاب کے دل لاہور کے شہریوں نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 122 پر اپنا فیصلہ دے دیا۔

لاہوری کس سے خوش ہیں انہوں نے ہم نیوز کے سروے میں اپنی رائے دے دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف لاہور کے علاقے کانا کی صوبائی نشست سے 7 مرتبہ جبکہ قومی اسمبلی کی نشست سے 4 مرتبہ منتخب ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف 3 بار وزیر اعلیٰ پنجاب اور 2018 میں انہوں نے اس حلقے سے 96 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

این اے 122 کی عوام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگائی اتنی زیادہ نہیں تھی لیکن عمران خان کی حکومت میں شروع ہونے والی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ ن لیگ نے اس حلقے میں بہت کام کروائے ہیں۔ اسپتال، کالج اور دیگر ترقیاتی کام ن لیگ کے دور میں کیے گئے۔

لوگوں نے کہا کہ اس ملک کے حالات ن لیگ ہی بہتر کر سکتی ہے جبکہ عمران خان نے حکومت میں آتے ہی ساڑھے 3 سال میں ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔

پی ٹی آئی کے ووٹرز بھی اس حلقے میں کم نہیں۔ انہوں ںے عمران خان کی کامیابی کی دُعا کی اور کہا کہ عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ تک پہنچا دیا ہے اور اس ملک کے حالات عمران خان ہی بہتر کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مزید 20 لاکھ لوگ بےروزگار ہو جائیں گے، ماہر معاشیات کا انکشاف

عوام کی ایک بڑی تعداد نے ووٹ دینے سے ہی انکار کر دیا۔ کہتے ہیں کہ 60 کی دہائی تک پاکستان دیگر ملکوں کو قرضے دیتا تھا لیکن اب حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ ہم دنیا بھر میں بھکاری بن چکے ہیں۔ اب کسی کو ووٹ دینے کا دل نہیں کرتا صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ آٹا بھی نہیں مل رہا۔

این اے 122 کی نشست کی عوام نے ایک مرتبہ پھر شہباز شریف کی فتح کی نوید سنائی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار منشا سندھو بھی لوگوں کی پسندیدہ شخصیت میں شامل ہیں اور عوام انہیں بھی کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں