جسٹس (ر) ناصرالملک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے


اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین آج جسٹس (ر) ناصرالملک سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرکے ختم ہوگئی ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ دوسرا تاریخ ساز واقعہ ہےکہ جمہوری حکومت مدت مکمل ہونے پر ختم ہوئی۔ قومی و صوبائی اسمبلیاں اور کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہیں۔

جمہوری حکومت کے ختم ہوتے ہی وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

پاکستان کی تاریخ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پہلی حکومت تھی جس نے 2013 میں اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی تھی۔ پی پی پی کے دور حکومت میں سید یوسف رضاگیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے وزرائے اعظم کی ذمہ داریاں انجام دیں۔

2013 سے 2018 کے دوران پی ایم ایل (ن) برسراقتدار جماعت تھی ۔ اس دوران نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزرائے اعظم کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے۔

پی پی پی اور پی ایم ایل (ن) میں یہ قدر مشترک ہے کہ دونوں کے پہلے وزرائے اعظم نے تقریباً چار چار(سید یوسف رضا گیلانی نے چار سال تین ماہ اور نواز شریف نے چار سال دو ماہ ) سال وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں اورعدالتی فیصلے کے تحت انہیں اپنے منصبوں سے محروم ہونا پڑا۔

 

 


متعلقہ خبریں