کراچی، حیدر آباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی

By Election

 ایم کیوایم کی جانب سےحلقہ بندیوں  پر تحفظات کے بعد  سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں  پندرہ جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بلاول بھٹو کی صدارت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے ہونے والے اجلاس کے بعد  صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ ایم کیو ایم کے حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں ، چاہتے  ہیں اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ دادو میں سیلابی پانی کے باعث الیکشن ملتوی کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہے شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔

تاہم ٹنڈوالٰہ یار، ٹھٹہ، بدین، سجاول ،مٹیاری،جامشورو،ٹنڈو محمد خان میں الیکشن شیڈول کے مطابق پندرہ جنوری کو ہی ہونگے۔

بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد  وزیراعلیٰ سندھ سے فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایم کیو ایم وفد نے سندھ کابینہ کے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کئے گئے فیصلے پر شکریہ ادا کیا، ایم کیو ایم کے وفد میں فیصل سبزواری ، مصطفیٰ کمال، وسیم اختر اور جاوید حنیف  بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، سندھ ہائیکورٹ کا حکم

دوسری جانب انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو تحریک انصاف نے عدالت میں چیلنج  کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے،  ایم  کیو ایم پیپلزپارٹی کی بی ٹیم کے طور پریشر بناتی رہی ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں شکست کا خوف پی ڈی ایم کے اعصاب پر سوار ہے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم ملکر بھی عوام میں جانے سے گھبرائے ہوئے ہیں ۔جمہوریت کی بات کرنے والے عوام کے جمہوری حق سے خوفزدہ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں. پیپلز پارٹی نے چوتھی مرتبہ کراچی کے الیکشن کو ملتوی کیا ہے.سندھ حکومت کے سامنے عوام کی یا پھر عدالتوں کے حکم کی کوئی حیثیت نہیں.کراچی کے عوام گھروں سے نکلیں وزیر اعلیٰ اور گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں۔

بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر امیر جماعت اسلامی  کراچی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم نے کراچی، حیدرآباد پر شب خون مارا ۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ہمارا حق چھین لیا ہے فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ عدالت اور الیکشن کمیشن بھی جائینگے، حافظ نعیم نے کہا کہ کارکن تیار رہیں ، آج لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،


متعلقہ خبریں