گورنر پنجاب نے اسپیکر کی رولنگ مسترد کر دی


لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی رولنگ مسترد کر دی۔

گورنر پنجاب نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ پر کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی رولنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جبکہ آئین کا دفاع اور پاسداری بھی اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ آج صبح ملی جبکہ آئین کے تحت اسپیکر غیر جانبداری سے ذمہ داریاں سرانجام دینے کا پابند ہے۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ اسپیکر آئینی ذمہ داری کی ادائیگی میں ذاتی منشا اور پسند کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں۔ گورنر پنجاب نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جمعرات کو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان

گورنر پنجاب نے اسپیکر کی رولنگ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا رواں اجلاس آپ نے بلایا تھا اور پنجاب اسمبلی کا رواں اجلاس اسپیکر ہی ملتوی کر سکتا ہے۔ اگر 21 دسمبر سہ پہر 4 بجے سے پہلے آپ اجلاس ملتوی کرتے تو 4 بجے نیا اجلاس بلانا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ متبادل کے طور پر مقررہ تاریخ اور وقت پر جاری 41ویں اجلاس میں ہی نشست بلا لی جاتی۔ وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اسمبلی کا ایک اور سیشن بھی بلایا جا سکتا تھا۔ آپ نے اجلاس ملتوی نہ کر کے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 7 کو غیر ضروری بنا دیا۔


متعلقہ خبریں