چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک لاہور میں مشاورتی اجلاس جاری ہے، ذرائع کے مطابق ق لیگ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل دو ماہ موخر کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، وزیراعلی کے پی کے محمود خان، وزیراعظم آزاد کشمیر و دیگر شریک ہیں، اجلاس میں دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل مشاورت جاری ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں ق لیگ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل دو ماہ موخر کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
ق لیگ کی رائے ہے کہ اسمبلی کو فروری کے آخری ہفتے میں تحلیل کیا جائے، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے ضروری ہیں، اپنے رائے سامنے رکھ دی ہے، حتمی فیصلہ کا اختیار آپ کے پاس ہے، جبکہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی و معاشی بحران کے خاتمے کے لیے اقتدار چھوڑ رہے ہیں، آج عوام کو واضع لائحہ عمل دے دوں گا، ق لیگ اتحادی ہے اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔