سعود شکیل کا متنازع آوٹ، کیایہ کلین کیچ تھا؟


 ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کے متنازع آوٹ پر  سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ کرکٹ ماہرین نے بھی سوال اٹھا دیے۔

سعود شکیل کو کیچ آؤٹ قرار دینے کا ٹی وی امپائر کا متنازعہ فیصلہ پاکستان کی شکست میں اہم کردار ادا کرگیا۔ سعود شکیل 94 رنز پر پُراعتماد بیٹنگ کر رہے تھے۔ جب مارک ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ نے ڈائیو لگا کر اُن کا کیچ لیا۔

امپائر علیم ڈار نے اپیل پر سافٹ سگنل آؤٹ قرار دیتے ہوئے معاملہ ٹی وی امپائر جو ولسن پر چھوڑ دیا۔ سلوموشن میں واضح تھا کہ گیند جب اولی پوپ کے گلووز میں آئی اس وقت زمین کو چھو رہی تھی۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق کیچ کےلیے ضروری ہےکہ گیند زمین پر لگنے سے پہلے اسے تھام لیا جائے۔ ٹی وی امپائر نےعلیم ڈار کا فیصلہ برقرار رکھا۔ سعود شکیل کے آؤٹ ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین اور تجزیہ کاروں نے اسے متنازعہ فیصلہ قرار دے دیا۔

ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے پر سوالات اٹھ گئے۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اولی پوپ نے کلین کیچ لیا؟


کرک بز کے مطابق ففٹی ففٹی کا فیصلہ سعود شکیل کے خلاف گیا ۔ ٹویٹرصارفین کے مطابق گیند واضح طور پر زمین سے لگی تھی۔ تھرڈ امپائر نے بلے باز کو شک کا فائدہ بھی نہیں دیا۔

 پاکستان کے سابق فاسٹ بالر وقار یونس اور کرکٹ کمنٹیٹر زنیب عباس نے بھی کہا کہ سعود شکیل واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کپتان بابر اعظم نے سعود شکیل کے کیچ پر کہا ہے کہ شکیل کی برطرفی ہمیں مہنگی پڑی۔ ہمیں ایسا لگ رہا تھا جیسے گیند زمین کو چھو گئی ہو۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ  بطور پروفیشنل کرکٹر آپ کو امپائر کے فیصلے کا احترام کرنا ہوگا لیکن ہمیں لگا کہ گیند گراؤنڈ ہوگئی ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ آپ کرکٹ میں اس طرح کے بہت سارے فیصلے اور کیچ دیکھتے ہیں۔ایسا ہی کچھ تھا جب روٹی شارٹ لیگ پر کیچ ہوا، اس نے زمین کو چھو لیا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ہمارے حق میں گیا، کئی ایسی چیزیں ہمارے خلاف گئی ہیں۔آپ اسے تبدیل نہیں کر سکتے۔امپائر کا جو فیصلہ ہے اس کے ساتھ چلیں۔

سعود شکیل کے آوٹ کے فیصلے پر ماہرین  اور کمنٹیٹرز سمیت سوشل میڈیا صارفین بھی تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے سعود شکیل کا کیچ کلین ہونے پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے  پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز اپنی نام کر لی ہے۔

 


متعلقہ خبریں