سیاسی میدان کے  بڑے حریف بچپن کے گہرے دوست نکلے


 سیاسی میدان کے  بڑے حریف خیبر پختوں خوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور اے این پی  کی ترجمان ثمر بلور بچپن کے گہرے دوست نکلے۔

بچپن کے کھیل کھیلتے کھیلتے گہرے دوست بڑے سیاسی حریف بن گئے۔  لیکن بچپن کے دوستی کی نرمی مخالفت کے باوجود بھی برقرار رہی۔

سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا اور اے این پی رہنما ثمر خان بلور کے رشتے کو لے چرچا اس وقت سامنے آیا جب ثمر خان بلور نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر سیاسی مخالف تیمور جھگڑا کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

ثمر بلور نے اپنی ٹویٹ میں دونوں کے بچپن کی خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا”ماضی سے،جب ہم اکٹھے ہوتے تھے۔انہوں صوبائی وزیر  تیمور جھگڑا کوٹیگ کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔


تیمور سلیم جھگڑا نے ان کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے شکریہ ادا کیااور کہا ہم اب بھی ساتھ ہیں۔ انہوں نے پرانی یادوں کو تازہ کرتی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا” واضح نظر آرہا ہے کہ  آپ نے زندگی میں بہت جلد سرخ رنگ کا لباس پہننا شروع کر دیا تھا۔”


سرخ رنگ  سے متعلق جملہ غالباََ اس بات کی جانب اشارہ تھا کہ ثمر ہارون بلور اب اے این پی کی سرکردہ رہنما ہیں۔ بائیں بازو کی اس جماعت کے جھنڈے کا رنگ بھی سرخ ہے جو بائیں بازو کی سوچ کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

سیاسی مخالفین کی اس ٹوئٹر گپ شپ  پر صارفین نے ان کی دوستی اور بچپن کی تصویر پر سوال کیےکہ آخر ماجرا کیا ہے؟

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے بتایا کہ  وہ دونوں فرسٹ کزنز ہیں۔ فیملی کا تعلق اپنی جگہ ہے سیاست کا اس سے کوئی تعلق نہیں لیکن افسوس ہے کہ ثمر نے غلط راستہ چنا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثمربلور کی جانب سےسالگرہ کی مبارک دینا اچھا لگا لیکن یہ زیادہ اچھا ہو گا کہ وہ آگے بھی سیاست میں طنز اور طعنوں سے گریز کریں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے اے این پی رہنما ثمر بلور نے بتایا کہ وہ نہ صرف بچپن کے دوست ہیں بلکہ خالہ زاد کزن بھی ہیں۔ جسے شاید کم لوگ ہی جانتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم فرسٹ کزنز ہونے کے ساتھ ساتھ ہم عمر بھی تھے اور یہ بچپن کی ایک تصویر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فیملی میں ملنا جلنا تو اب بھی ہوتا ہے لیکن وقت کی کمی آڑے  آجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان کی دعوتوں میں سیاسی بحث بھی ہوتی ہے اور تحمل سے اپنا اپنا نظریہ بھی سامنے رکھا جاتا ہے۔ سیاست کی وجہ سے خاندانی تعلقات ختم نہیں کیے۔ آج کی سیاست میں  بدتمیزی کا کلچر ختم کرنے ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ثمر ہارون بلور پیپلز پارٹی رہنما عرفان اللہ مروت کی صاحبزادی ہیں جو سابق صدر غلام اسحاق خان کے داماد ہیں جبکہ تیمور سلیم جھگڑا اسحاق خان کے  دوسرے داماد اور سیاسی رہنما سلیم جھگڑا کے صاحبزادے ہیں


متعلقہ خبریں