پیپلز پارٹی تیر اور تلوار میں پھنس گئی


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی تیر کے نشان پر انتخابات لڑے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کا انتخابی نشان تیر ہے اوراس کے صدرآصف علی زرداری ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

منگل کے روز الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے تلوار کا نشان دینے کی استدعا منظور کر لی ہے، انتخابی نشان تلوار واپس ملنے پر سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیرحسین بخاری نے پارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور ووٹرز کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین شکن نے تلوارکا نشان فہرست سے خارج کیا تھا، شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا انتخابی نشان واپس ملنا پیپلز پارٹی کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے، پیپلزپارٹی نے اپنا چھینا گیا حق قانونی طریقے سے واپس لیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ میرٹ پر مبنی ہے۔

سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ تاریخی، سیاسی اور قانونی طور پر تلوار کا نشان پیپلزپارٹی کا حق تھا، پارٹی غداروں کوشرمندگی کے سوا کچھ  نہیں ملا۔

بے نظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اوران کے شوہرصفدرعباسی نے بھی الیکشن کمیشن کو اپنی جماعت ورکرز پیپلزپارٹی کے لئے تلوارکا نشان حاصل کرنے کی درخواست دے رکھی تھی تاہم فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے حق میں ہوا۔


متعلقہ خبریں