ہزار روپے کے نوٹ میں قومی پرچم کا رنگ تبدیل:وفاق کو نوٹسز


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے 1000 روپے کے نوٹ پہ قومی پرچم کا رنگ تبدیل کرنے پراسٹیٹ بینک آف پاکستان، اٹارنی جنرل آف پاکستان اوردیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تین جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

منگل کے روز سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست گزاراقبال کاظمی کی دائردرخواست پرسماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، سیکرٹری خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے 1000 روپے کے نوٹ پر پاکستانی پرچم کا رنگ تبدیل کرنا دستور( آئین) کی دفعہ پانچ سے انحراف اور قابل سزا جرم ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ہزار روپے کا نوٹ سابق وزیراعظم نواز شریف اورسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حکم پر گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے دستخط کر کے جاری کیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مدعا علیہان نے نوٹ جاری کر کے دستور کی دفعہ پانچ سے انحراف کیا ہے۔ دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نوٹ کا رنگ تبدیل کرنے سے پاکستانی پرچم کی بےحرمتی ہوئی ہے لہذاعدالت نوٹ منسوخ کر کے ان کے خلاف  فوجداری مقدمہ کے تحت کارروائی کرے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پاکستان کے پرچم کی بے حرمتی کرنے پر فوجداری کی دفعہB-123 کے تحت کارروائی کی جائے۔

 


متعلقہ خبریں