وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا آخری اجلاس آج


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا  آخری اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا جس میں وزیر داخلہ، وزیر دفاع، مشیر قومی سلامتی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج  کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ  مشرقی و مغربی سرحد اور خطے کی صورت حال بھی زیر غور آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کی کتاب ‘دی اسپائی کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ الُوژنز آف پیس’ پرغورکیا جائے گا جب کہ فاٹا اصلاحات پرعمل درآمد سے متعلق امورکا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

حکومت نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کا نام وزارت داخلہ کے سرحدوں کے انتظام کے مربوط نظام (انٹیگریٹیڈ بارڈرمنیجمنٹ سسٹم) میں ڈال دیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں وفاقی کابینہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی توثیق کرے گی۔

اس سے قبل پیر کے روز جنرل (ر) اسد درانی کو جی ایچ کیو طلب کرکے کتاب پر وضاحت طلب کی گئی اور آرمی چیف جنرل  قمر جاوید باجوہ کے حکم پر ان سے تفتیش کے لئے کورٹ آف انکوائری قائم کردی گئی ہے جس کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل رینک کے افسرکریں گے۔

‘دی اسپائی کرونیکلز’ میں بہت سے متنازعہ موضوعات پر بات کی گئی ہے جن میں کارگل آپریشن، امریکیوں کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت،  کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، ممبئی حملے، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں