رانا ثنااللہ بنی گالہ پر ریڈ کریں، پتہ چل جائے گا کہ سائفر کہاں گیا، مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ بنی گالہ پر ریڈ کریں پتہ چل جائے گا کہ سائفر کہاں گیا۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان میں غداری کا لیبل کسی وزیراعظم پر نہیں لگا، تاریخ میں غداری کا لیبل صرف عمران خان کے ماتھے پر لگا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بدنامی کا داغ عمران خان کے چہرے پر لگا ہے وہ بےعزتی کسی وزیراعظم کے حصے میں نہیں آئی۔ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تو انہیں بھی دھمکیاں اور سائفر ملے ہوں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ ملک کوئی اسٹیڈیم نہیں 22 کروڑ عوام کا جیتا جاگتا ملک ہے، عمران خان نے پاکستان کے دوسرے ممالک سے تعلقات خراب کئے، اس سازش کی آڑ میں عمران خان نے افواج پر تنقید کی جو سازش تھی ہی نہیں، اسی جھوٹی سازش کی آڑ میں جو ہوئی ہی نہیں تھی آپ نے شہدا کی تذلیل کی ،آپ نے آپ کی جماعت نے شرمناگ مہم چلائی،اس آڈیو نے بتا دیا کہ ایکس، وائے اور زیڈ تم ہو، آڈیو نے ثابت کیا میر جعفر بھی تم ہو اورمیر صادق بھی تم ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی پارٹی سے بھی شکوہ ہے،جو قانون کے ہاتھ غدار کے گریبان تک پہنچنے چاہئے تھے وہ نہیں پہنچے، عمران خان آج بھی آزاد گھوم رہا ہے، کیوں قانون کے ہاتھ اس کے گریبان تک نہیں پہنچتے ؟اس نے آئین توڑا ہے، بیت المال کا مال بیچ کر کھایا، عمران خان نے سازش کرنے کیلئے ملک کا اعلیٰ ترین دفتر استعمال کیا، عمران خان کسی کا لاڈلا ہو گا ہمارا نہیں ہے، اس کے چیف آف اسٹاف نے غداری پر اکسانے کی کوشش کی ، جس شخص کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا وہ آرمی چیف کی تقرری پر بات کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عین ممکن ہے آنے والے دنوں میں عمران خان کی ایک اور آڈیو آجائے، ہو سکتا ہے اس آڈیو میں عمران خان کہے ہم نے آرمی چیف کی تقرری سے بھی کھیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے کل کمیٹی بنی ہے، میرے خیال میں اس کی تحقیقات کی ضرورت نہیں ہے، سب کچھ سامنے ہے، عمران خان نے خود تسلیم کیا، رسمی کارروائی کیلئے اسے بلوا کر سنا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں