منچھر جھیل کا سیلابی پانی بھان سعید آباد شہر تک پہنچ گیا


منچھر جھیل کو تیسرا کٹ لگنے کے بعد بھی پانی کی سطح کم نہیں ہوئی ۔ پانی کا اخراج تیزی سے ہو رہا ہے۔ 

سیہون شریف میں منچھر جھیل کا سیلابی پانی بھان سعید آباد شہر تک پہنچ گیا ۔ ٹاون کمیٹی بھان سعیدآباد بھی سیلاب کی زد میں ہے ۔

سیلابی پانی سے گرڈ اسٹیشن بھان سعید آباد مکمل طور پر ڈوب گیا۔ جہاں 5 سے 8 فٹ پانی جمع ہے۔ سیلابی پانی کا ریلا یونین کونسل شیخ کو متاثر کر کے شہر کی طرف بڑھنے لگا ہے۔

شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم خیمہ بستی بھی ڈوب گئی ۔ خیمہ بستی میں 500 سے زائد خیمے لگائے گئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں:منچھر جھیل پر کٹ لگانے کے بعد متعدد دیہات زیر آب

ادھر دادو میں سیلاب کے پیش نظر ڈسٹرکٹ جیل دادو کے قیدیوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹھٹھہ سجاول کے درمیان دولہا دریا خان پل سے چھ لاکھ کیوسک پانی گزر کر سمندر میں داخل ہورہا ہے۔ جہاں گزشتہ چار دن سے پانی کی سطح برقرار ہے۔

سیلابی ریلے سے تمام کچے کے علاقے ڈوب چکے ہیں اور  ٹنڈو حافظ شاہ  سمیت  کئی قصبے بھی  زیر آب  آگئے ہیں۔

محکمہ آبپاشی کے کنٹرول روم کے مطابق منچھر پر  اڑل ہیڈ، اڑل ٹیل، دانستر واہ اور لاڑکانہ سیہون بچاؤ بند پر کٹ کے ذریعے جھیل کا پانی دریائے سندھ میں خارج ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں