سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت، بینچ تشکیل


اسلام آباد: قائم مقام چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کے لئے بینچ تشکیل دے دیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آئندہ ہفتے کے تین دن چار بنچ اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پرسماعت کریں گے، پیر سے بدھ تک بنچ نمبر ایک میں قائم مقام چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس طارق مسعود  اور جسٹس منصورعلی شاہ  شامل ہیں جبکہ بینچ  نمبر دو میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس قاضی  فائز عیسیٰ اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل  ہیں۔

پیر کے روز جسٹس مقبول باقر اورجسٹس مظہرعالم میاں خیل پر مشتمل  دو رکنی بنچ سماعت کرے گا جبکہ منگل کو جسٹس مقبول باقر، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ مقدمات کی سماعت کریں گے۔

بنچ نمبر چار میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں جبکہ 31 مئی کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ایک دن کے لئے پرنسپل سیٹ پر سماعت کرے گا، 31 مئی کو بنچ نمبر ایک میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔

یکم جون کو بنچ نمبر دو میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس طارق مسعود اور جسٹس منصورعلی شاہ شامل ہیں جبکہ بنچ تین میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمرعطا بندیال موجود ہیں، این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت بھی جمعرات کو ہوگی جب کہ چیف جسٹس  یکم ، دو اور تین جون کو لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔

بنچ  نمبر چار میں جسٹس مشیرعالم، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سجاد علی شاہ جبکہ بنچ نمبر پانچ میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔

سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات زیر سماعت ہوں گے، جمعرات کو نااہلی کے خلاف خواجہ آصف کی اپیل پرجسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا جبکہ جمعرات کو ہی چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔

ان مقدمات میں سیاست دانوں میں کروڑوں روپوں کی تقسیم سے متعلق اصغر خان کیس، خفیہ ایجنسی آئی بی کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے نکلوانے سے متعلق مقدمہ، وزرا اور سرکاری افسروں کی جانب سے لگژری گاڑیوں کے استعمال پر از خود نوٹس کی سماعت شامل ہے۔

الیکشن سے قبل سرکاری بھرتیوں پر پابندی سے الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت بھی آئندہ ہفتہ ہوگی جبکہ میڈیا کمیشن رپورٹ سے متعلق کیس، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق دینے سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت بدھ کو ہوگی۔

اقلیتوں کے حقوق کے لیے دائر آئینی درخواست، جیلوں میں قید خواتین کی قابل رحم حالت زار سے متعلق دائر درخواستیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں معذور افراد کے لیے قانون سازی سے متعلق درخواست اور بھٹہ مزدوروں کے حقوق سے متعلق دائر درخواست پر بھی سماعت ہوگی۔


متعلقہ خبریں