آرمی چیف آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اپنے دورے کے دوران امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی دستوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاک فوج نے متاثرین کی مدد کے لیے 212 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں جن میں سے سندھ میں 81، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 41 اور خیبر پختونخوا میں 17 ہیں۔

پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فلڈ ریلیف ڈونیشن اکاؤنٹ بھی قائم کر دیا ہے۔ اکاؤنٹ عسکری بینک جی ایچ کیو برانچ میں کھولا گیا ہے اور عوام اکاؤنٹ نمبر 00280100620583 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔

بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے کوئٹہ، مسلم باغ، چمن، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، لہڑی، نصیر آباد، بیلہ، اُتھل اور جعفر آباد میں امدادی کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں۔ امدادی کیمپس میں خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ریسکیو کر لیا

سیلاب متاثرین کے لیے کوئٹہ، مسلم باغ، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، دوبندی، لہڑی، سدوری، لکڑہ ضلع لسبیلہ میں بھی فری میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ڈیرہ غازی خان، روجھان اور لیہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے محصور خاندانوں کو خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کیں جبکہ راجن پور میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد اور بچاؤ کی کوششیں کی گئیں۔ جام پور میں ہرند، نور پور ماجھو والا، موضع کان والا اور ماڑی میں امدادی سرگرمیاں کی گئیں۔ تحصیل جام پور میں دربار سخی بور، بمبلی، بستی نوخمی میں بچاؤ، امدادی کام کیے گئے جبکہ تحصیل روجھان میں ڈیرہ دلدار، ڈیرہ جیون، چک مٹ نمبر 2 میں بھی ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں