وزیر خزانہ کا پی ٹی آئی پر آئی ایم ایف سے ڈیل کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے کا الزام

پیش کردہ بجٹ پائیدار نہیں، مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے تحریک انصاف پر آئی ایم ایف سے ڈیل کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے کا الزام لگا دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  تیمور جھگڑا نے خط لکھا اور کہا اگر آپ نے ہمارے درینہ مسائل حل نہیں کیے تو ہم آئی ایم ایف معاملات میں تعاون نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے بھی اسی طرح کا بیان دیا اور شوکت ترین پنجاب میں بھی ایکٹو ہوئے، بعد میں فون پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ یہ خط آئی ایم ایف کو نہیں لکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ اگر عمران خان کی حکومت نہیں آئے گی تو کیا آپ پاکستان کو تباہ اور مرکزی بینک کرپٹ کردیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے یہ پتہ نہیں کیا چاہ رہے ہیں، آج کے دن ایسا خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی، آپ دس دن اور انتظار نہیں کر سکتے تھے۔

فواد چودھری چالاک سیاستدان ہیں لیکن عمران خان کی کرپشن گھما نہیں سکتے:مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں عمران خان کی حکومت نہ ہو تو سب کچھ داؤ پر لگا دو، سیلاب میں 70 سے 80 لاکھ کے درمیان مویشی مر چکے ہیں، اگر پانی کی نکاسی نہ ہو سکی تو زمین نہیں سوکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی سیلاب آیا ہے اور یہ سیاست کر رہے ہیں،کم سے کم اس صورتحال میں تو سیاست چھوڑ دیں اور لوگوں کا سوچیں، آج پاکستانیوں کا مفاد سامنے لے کرآئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اکیلا مفتاح اسماعیل کا نہیں ہم سب کا ہے، ہم اس صورتحال میں بھی سیاست نہیں چھوڑ سکتے؟

مزید کہا کہ میں نے تیمور جھگڑا کو کہا ہے کہ پیر کو مجھ سے ملاقات کیلئے آجائیں، تیمور جھگڑا سے قبائلی اضلاع کے فاٹا میں انضمام پر بات ہو گی،۔قبائلی ہمارے بھائی ہیں،وفاق پیسے دینے کو تیار ہے۔


متعلقہ خبریں