کراچی کے چڑیا گھر میں دو ہتھنیوں مدھو بالا اور نور جہاں کے دانتوں کی سرجری کل ہو گی۔
کراچی کے چڑیا گھر میں ہتھنیوں کا آج ہونے والا دانتوں کا علاج ملتوی ہو گیا۔ موسم کے باعث دو سرجنز کی کراچی آمد میں تاخیر ہوئی۔ فور پاز ٹیم کے مطابق سرجری اب بدھ کے روز صبح 10 بجے پرفارم کی جائے گی۔
کراچی کے چڑیا گھر کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی ہیں، جنہیں اس تکلیف سے نجات دلانے کے لیے روٹ کینال کیا جائے گا۔ کراچی زو کی 16 سالہ مدھو بالا اور 17سالہ نور جہاں نامی ہتھنیوں کا روٹ کینال ہوگا۔دونوں ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔
آسٹریا سے آنے والے انٹرنیشنل فور پاز نامی تنظیم کے ڈاکٹرز روٹ کینال آپریشن کریں گے۔مدھو بالا کا دانت گل چکا ہے، جس کا آپریشن آج کیا جانا تھا۔
غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم نے دونوں ہتھنیوں کا معائنہ کر لیا ہے۔ڈاکٹرز نے بتایاکہ دونوں ہتھنیوں کے دانتوں کا انفیکشن خطرناک مرحلے تک پہنچ گیا ہے اور وہ مسلسل درد میں مبتلا ہیں۔