سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 3 دن میں 50 ہزار روپے امداد دی جائے، وزیراعظم کی ہدایت


وزیر اعظم شہباز شریف نے 3 دن میں 50 ہزار روپے سیلاب سے متاثرہ فی خاندان کو دینے کی ہدایت کی ہے۔

رقم این ڈی ا یم اے کی سرپرستی میں بی آئی ایس پی کے تحت فراہم کی جائے، سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کے طریقہ کار کو شفاف رکھا جائے، الیکٹرانک ذریعے سے رقم کی فراہمی پر فلڈ ریلیف کوآرڈی نیش کمیٹی شام تک رپورٹ پیش کرے، سیلاب سے نقصانات کے تخمینے کیلئے صوبوں کے ساتھ مشترکہ سروے کو 3 ہفتے میں مکمل کیا جائے۔

شہباز شریف نے مزیف کہا کہ صوبوں کی صوابدید ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کوششوں کا حصہ بنیں، تاہم وفاقی حکومت اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کو یقینی بنائے گی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات اس حوالے سے آگاہی مہم کیلئے جامع پلان مرتب کرے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں پر قائم ریلیف کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان:بارشوں اور سیلاب سے مزید 8افراد جاں بحق ،تعداد 196ہوگئی

اجلاس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی، مولانا اسد محمود، مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزمان کائرہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرِ اعلی بلوچستان عبدلالقدوس بازنجو، رکنِ بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ کی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے کی وجہ سے سیلاب سے ہوئے نقصانات کے تخمینے کیلئے صوبوں کے اشتراک سے سروے اس سلسلے کے بعد شروع کیا جائے گا، سروے کی تکمیل تک حکومت BISP کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 30 ہزار روپے کا فوری ایمرجنسی کیش ریلیف فراہم کرے گی. جس پر وزیرِ اعظم نے ریلیف کی رقم کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے اور NDMA کو اس آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کیں.

اجلاس کو وزیرِ اعلی بلوچستان اور صوبائی چیف سیکٹری کی طرف سے بلوچستان میں جاری بارشوں کے حالیہ سلسلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان اور صوبائی حکومت کے متاثرین کیلئے ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا.


متعلقہ خبریں