پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی ذاتی مفاد کیلئے ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ظلم کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔ نیلم جہلم سرچارج، انکم ٹیکس اور ایکسائز ٹیکس کا بجلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لڑائی ذاتی مفاد کیلئے ہے۔ نالائق حکمرانوں نے امن تباہ کیا اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے بھتہ دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، بلاول بھٹو زرداری
سراج الحق نے کہا کہ اسد قیصر نے خود تسلیم کیا کہ انہیں کالیں آرہی ہیں جبکہ تمام وزرا دفاتر اور گھروں میں محصور ہیں۔ دیر میں پی ٹی آئی کا رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) زخمی ہوا اور ان پر حملے میں 4 افراد شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے حلقے میں ڈی ایس پی کو یرغمال بنایا گیا۔ عمران خان کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ سوات جانا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان حکومت نہیں چلا سکتے تو استعفیٰ دیں کیونکہ خیبر پختونخوا میں 9 سالوں میں یونیورسٹی، اسپتال، کرکٹ، ہاکی گراونڈ نہیں بنایا گیا۔