پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہباز گل کو پولیس کی وردی میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا۔ شہباز گل اور ان کے ڈرائیور پر کسی قسم کا کوئی تشدد بھی نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز گل کو سادہ لباس میں موجود افراد نے گرفتار کیا اور ان پر تشدد بھی کیا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے سکیورٹی اہلکار شہباز گل کو گاڑی سے باہر آنے کا اشارہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کے باہر نہ آنے پر گاڑی کا شیشہ توڑا گیا۔
فوٹیج کے مطابق شہباز گل شیشے ٹوٹنے کے بعد خود گاڑی سے باہر آئے اور اہلکاروں کے ساتھ چلتے ہوئے پولیس کی گاڑی تک گئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز شہباز گل کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا۔شہباز گل کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں بغاوت سمیت دس دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔