ایشیا کپ2022: بھارتی ٹیم کا اعلان، ویرات کوہلی کی واپسی


ایشیا کپ 2022 کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روی چندرن ایشون کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری پیغام کے مطابق ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی روہت شرما کریں گے جبکہ ہاردیک پانڈیا نائب کپتان ہوں گے۔

ایشیا کپ ٹی 20 کے اسکواڈ میں کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، دیپک ہوڈا،آر پنٹ، دنیش کارتک، ہردیک پانڈیا، آر جڈیجا، چاہل، آر بشنوئی، بھونیشور کمار شامل ہیں۔

بھارت کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمرا کمر کی انجری کے باعث میگا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 27 اگست سے نیوٹرل وینیو یو اے ای میں منعقد ہوگا، علاقائی ایونٹ میں خطے کے 5 ٹیسٹ ممالک بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان شریک ہیں۔

چند ایسوسی ایٹ ممالک کوالیفائرز سے مین ڈرا میں جگہ بناپائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 27 اگست کو گروپ ” بی ” میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا، پاک، بھارت مقابلہ 28 اگست کو شیڈول ہے، ابتدائی دونوں میچز دبئی میں ہوں گے، بنگلہ دیش کا ایونٹ میں سفر 30 اگست کو شارجہ میں افغانستان کیخلاف میچ سے شروع ہوگا۔

 


متعلقہ خبریں